کمشنر نے عدالت سے نسلہ ٹاور گرانے کی مزید مہلت مانگ لی
کمشنر کراچی نےسپریم کورٹ سے نسلہ ٹاور کوانہدام کرنے کیلئے 50 روز کی مہلت مانگ لی ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاوراور تجوری ہائٹس گرانے کے حوالے سے کمشنر کراچی نے رپورٹس جمع کرادی ہیں۔ کمشنر کراچی نے بتایا ہے کہ عدالتی فیصلے پر من وعن عمل شروع کردیا ہے اورنسلہ ٹاور کو تیزی سے گرانے کا کام جاری ہے۔
کمشنر کراچی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تجوری ہائٹس گرانے پربھی کام جاری ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سےکمشنر کراچی کی رپورٹس کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا تھا کہ کمشنر صاحب،عدالت نے جو کام کرنے کو آپ سے کہا تھا وہ ہوا کہ نہیں۔ کمشنر کراچی نے بتایا کہ اس سلسلے میں عدالت سے رہنمائی درکار ہے۔
اس پرچیف جسٹس نےکمشنر کراچی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ سیدھی بات کریں۔ نسلہ ٹاور کی عمارت گرائی ہے یا نہیں۔ کیا آپ کا یہاں سے جیل جانے کا ارادہ ہے۔
چیف جسٹس گلزاراحمد نے مزید برہم ہوتے ہوئے حکم دیا کہ کمشنرکراچی ابھی جائیں اورنسلہ ٹاور کو گرائیں۔ کراچی کی ساری مشینری لے کر نسلہ ٹاور کو گرانا شروع کردیں۔ چیف جسٹس نے مزید ہدایت کی کہ تجوری ہائٹس کو بھی آج گرا کر رپورٹ پیش کریں۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے 28 اکتوبر کو نسلہ ٹاور کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔ جس میں حکم دیا گیا تھا کہ غیر قانونی طور پر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت گرانے کيلئے کنٹرولڈ ماڈرن ڈیوائسز کا استعمال کیا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ عمارت گراتے ہوئے اطراف ميں کوئی اورنقصان نہ ہو۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیا تھا کہ یہ کام ایک ہفتے ميں مکمل کيا جائےاورعمارتيں گرانےکیلئےديگرممالک میں رائج طریقۂ کار دیکھا جائے۔