سابق حکومت نےریاستی عوام کی خوشی کےلئےکچھ نہیں کیا: وزیراعظم

سابق حکومت نےریاستی عوام کی خوشی کےلئےکچھ نہیں کیا: وزیراعظم

وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان قائد پاکستان ہیں جن کے جرات مندانہ اقدامات نے ملک کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ان کے 500بلین کے ترقیاتی پیکیج سے تعمیر وترقی کا انقلاب آئے گا۔

اس وقت مقبوضہ کشمیر میں قیامت صغری برپا ہے۔ کوئی گھر ایسا نہیں جہاں سے شہادت نہ ہوئی ہو بھارت جس بے دردی سے کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ اسے عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امید عمران خان ہیں قوم ان کے ہاتھ مضبوط کرے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار دو روزہ دورے پر کراچی پہنچنے کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے 3 سو بلین کا پیکیج جی بی کو دیا جس سے وہاں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت ملی تو جانے والی حکومت نے آسانیاں نہیں چھوڑی تھیں انتہائی مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا۔ ہمارے لیے زیادہ مشکل حالات پیدا کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ پر نوکریاں فراہم کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت آسانیاں چھوڑکرنہیں گئی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت جانے والی تھی ایک قانون پاس کرکے پانچ ہزار ایڈہاک ملازمین کو مستقل کردیا۔ آج اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ پانچ ہزار لوگوں کے ساتھ ہم نے ظلم کیا تو میں نے کسی کے ساتھ ظلم نہیں کیا بلکہ ایک لاکھ لوگوں کے لئے میرٹ کے مطابق روزگار کی فراہمی کیلئے راستے ہموار کئے ہیں۔

جن لوگوں کا معاشی قتل مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دور حکومت میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے 33وزراء کے ساتھ آزاد کشمیر میں حکومت کی اور پھر جاتے ہوئے قانون پاس کراگئے کہ آنے والی حکومت 16وزراء کے ساتھ حکومت کرے گی۔ بانی پاکستان کے مزار پرحاضری کا فریضہ انجام دینا ہے۔

جذبے کے ساتھ استقبال پر شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کا وزیراعظم ہوں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔ وہ جس ہمت اور جرات سے بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ بھارت کے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود ان کا جذبہ آزادی سرد نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا قائد پاکستان عمران خان نے ایل او سی سے میرا انتخاب کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری اس کی جارحیت سے مرعوب نہیں ہوئے نہ آئندہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ میرا گھر ایک ہزار گز بھارتی توپوں کے سامنے ہے ،میں آج بھی اس ایل او سی پر رہتا ہوں جس کا مقصد صرف مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو پیغام دینا ہے کہ آپ جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں ہیں۔

ہم آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ لڑاعمران خان کا شہر قائد آکر شکریہ ادا کرتا ہوں۔اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جن کا خاندان ایک عرصے سے اپنے لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں