مسلم کانفرنس

مسلم کانفرنس کسی حادثےکی پیداوارنہیں,ہرسازش کاڈٹ کر مقابلہ کیا

آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس نظریہ الحاق پاکستان کی ضامن ، تحریک آزادی و ریاستی تشخص کی علامت ہے۔

مسلم کانفرنس کشمیری عوام کی امنگوںکی ترجمان ہے۔ مسلم کانفرنس کسی حادثے کی پیداوار نہیں ، ریاست جموںوکشمیر میں بانی پاکستان قائد محمد علی جناح کی نمائندہ جماعت ہے۔ مسلم کانفرنسی کارکن رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی 54ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کی تیاریاں کریں۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے ہفتے کے روز مسلم کانفرنس سوشل میڈیا کی چیئرپرسن محترمہ سمعیہ ساجد راجہ ، سٹی صدر شیخ مقصود احمد ، مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کی سینئر نائب صدر میمونہ کیانی ایڈووکیٹ ، مسلم کانفرنس کے بزرگ رہنماء جانداد عباسی ، ہارون آزاد، حلقہ لچھراٹ کے صدر رفیق عباسی،فیضان ملک ،ظریف عباسی ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، ریاستی تشخص پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دی ، ریاستی تشخص کے لئے ہمیشہ ہر فورم پر آواز بلند کی ، کارکن کسی بھی جماعت و پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، پارٹیاں اور جماعتیں کارکنوں سے چلتی ہیں ۔

مسلم کانفرنس نے ہمیشہ کارکنوں کو انکا جائز مقام دیا ، تاریخ گواہ ہے کہ مسلم کانفرنس نے اداروں کو بنایا ۔ ملازمین کے جائز حقوق فراہم کئے ، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کارکن رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی 54 ویں برسی کوشاندار انداز میں منانے لئے بھرپور تیاریاں کریں ۔ دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی برسی کے حوالہ سے رابطے کریں ، سردار عتیق احمد خان نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج کی جانب سے نہتے شہریوں پر مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی دنیا کی توجہ اس اہم مسئلہ پر توجہ مرکوزکرواتے ہوئے مطالبہ کیا ہیکہ دو سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے کشمیری کرفیو ، لاک ڈائون کی اذیتیں برداشت کررہے ہیں آئے روز آپریشن و جعلی مقابلوں کا سامنا کررہے ہیں ، اس وقت مسئلہ کشمیر انتہائی اہم توجہ کا متقاضی ہے تاہم عالمی دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں