عمران خان

عمران خان کی سرپرستی میں آزاد کشمیر کو فلاحی ریاست بنائینگے

پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان خطے کی بڑی طاقت کے طورپر ابھر رہا ہے۔

عمران آج بھی قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ یہ امیدیں عمران خان کی ایمانداری، پاکستان سے محبت، سہولیات سے محروم پاکستانیوں کے درد اور ملک کو غربت اور قرضوں کے جال سے نکالنے کا ویژن ہے۔ عمران خان نے جس جرات سے کرپشن کے خلاف آواز بلند کی اور ملک لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کیا وہ تاریخ کا حصہ ہے،ایک دور اندش لیڈر ہونے کی حیثیت سے انہوں نے محب وطن پاکستانیوں کو ایک نیا ولولہ عطاکر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امید کی وہ کرن ہے جو پاکستان کو خوددار اور عظیم ملک بنائے گا۔ عمران خان کی جدوجہد اور قربانیاں نئے پاکستان کی بنیاد ہیں۔ عمران خان کی جماعت تحریک انصاف نے ملکی سیاست کو ایک نیا رخ دیا۔ قائد تحریک انصاف عمران خان کی صورت میں پاکستان کو ایک ایسا لیڈر مل گیا ہے جسے فخر کے ساتھ عالمی سطح پر پاکستانی لیڈر کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے ان کی پالیسیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جمہوری جماعت ہے اور پاکستان تحریک انصاف ہی واحد پاکستان کی سیاسی جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیکر عمران خان کے ویژن اور نظریے پر مہر ثبت کی ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور عمران خان کی رہنمائی اور سرپرستی میں آزاد کشمیر کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں