بجلی کے بلات میں بے جا ظالمانہ ٹیکسز اور بلا جواز اضافے کے خلاف راولاکوٹ میں آل پارٹیز ایکشن کمیٹی سراپا احتجاج بن گئی۔ ظالمانہ ٹیکسز ختم نہ ہونے کی صورت میں اسمبلی سیکرٹیریٹ کے سامنے احتجاج کی دھمکی دے دی۔
پونچھ ڈویژن کے صدر مقام راولاکوٹ میں آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے احاطہ عدالت سے احتجاجی ریلی نکالی جو شہر کا چکر لگانے کے بعد واپس کچہری چوک پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ مظاہرے میں سیاسی و سماجی تنظیموں ٹریڈ یونینز اور انجمن تاجران نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے زاہد رفیق ایڈووکیٹ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر غنڈہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں ہے بجلی کے بلوں میں بلا جواز اضافے اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف آزادکشمیر بھر میں تحریک چلائی جائے گی اگر 25 جنوری تک یہ ظلم بند نہ کیا گیا تو مظفرآباد اسمبلی سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا جائے گا اور بھوک ہڑتال کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے عوام مہنگائی کے باعث فاقوں پر مجبور ہیں اور ظلم کی انتہا یہ ہے کے آزاد کشمیر میں بجلی کا ریونیو آزاد کشمیر کے بجٹ سے زیادہ ہے مگر بجائے ریلیف دینے کے بلا جواز ظالمانہ ٹیکس لگائے گئے ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر کے عوام کو بھی سبسڈی دی جائے اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو اس کے بعد احتجاجی تحریک چلائی جائے گی اور بھوک ہڑتال کی جائے گی۔