وادی نیلم میں موسم سرما کی سیاحت کے شوقین حضرات کے لئیے ضلعی انتظامیہ نےسنو فال فیسٹول کااعلان کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر نیلم شوکت خان یوسفزئی کے مطابق سیاحتی مقام کیرن میں چھ جنوری کو سنو فال فیسٹیول منعقد کیا جائے گااور جیپ ریلی نکالی جائیگی۔
سنو فال فیسٹیول منعقد کرنے کا مقصد موسم سرما کے دوران زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو وادی نیلم کی سیاحت کے لئیے لانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نیلم شوکت خان یوسف زئی نے کشمیر لنک ڈیجٹل کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وادی نیلم میں سرمائی سیاحت کے فروغ کے لئیے سنوفال فیسٹیول کا انعقاد مفید ثابت ہو گا
۔
انہوں نے کہا کہ برفباری کے دوران سیاحوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحتی مقامات پر انتظات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق سڑکوں کوبحال رکھنے کے لئیے مشینری کو فعال کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نیلم شوکت خان۔یوسفزئی نے کشمیر لنک ڈیجیٹل کو بتایا کہ وادی نیلم میں برفباری کے دوران شہریوں اور سیاحوں کی مشکلات کے حل کے لئیے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں شاہراہ نیلم کو ٹریفک کے لیے بحال رکھنے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور محکمہ شاہرات کی مشینری مختلف علاقوں میں موجود ہے ۔
ریسکیو کے اداروں کو کسی بھی ناگہانی صورت حال میں الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔انتظامیہ موسمی حالات کے پیش نظر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سفر کریں۔ عوام کی سہولت کے لئیے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ برفباری کے شوقین سیاحوں کے لئیے وادی نیلم کے گیسٹ ہائوسز مالکان کو سہولیات فراہم کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔
سیاحوں کے کیلئے چھ جنوری کو کیرن کے سیاحتی مقام پر سنوفال فیسٹیول منعقد کر رہے ہیں جس میں فوڈ سٹالز ثقافتی ورثہ اور جیپ ریلی کا انعقا د کیاجائے گا۔
اس فیسٹیول میں سیاحت سے وابستہ افراد اور سیاح شریک ہوں گے ۔ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد پاکستان سے سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ وادی نیلم لانا اور وادی میں سرمائی سیاحت کو فروغ دینا ہے ۔
اشفاق عباسی نیلم میں ڈیلی کشمیر لنک ڈاٹ کام کے نامہ نگار ہیں۔