صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم شخصیت تھی ایسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں مقدمہ کشمیر جس طرح ذوالفقار علی بھٹو شہید نے لڑا کوئی نہیں لڑ سکتا۔
ہمارے محسن پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی سابق صدر وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا یوم پیدائش اور کشمیریوں کو ملنے والا یوم حق خودارادیت 05جنوری ایک ہی دن ہے کشمیری آج بھٹو کی سالگرہ اور یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے کہا تھا کہ اسلام ہمارا دین سوشلزم ہماری معیشت،جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور پہنچنے پر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم یوم حق خودارادیت بھی منا رہے ہیں اگر ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو حق خودارادیت کشمیریوں کو مل چکا ہوتا انہوں نے کہا کہ یہ عجیب ملک ہے جہاں آئین بنانے والے کو پھانسی پر چڑھادیا جاتا ہے اور آئین توڑنے والوں کو پروٹوکول دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور اقتدار میں عوامی حقوق کی پاسداری کی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین سے ایٹمی قوت تک پہنچایا محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی میزائیل ٹیکنالوجی دی آج بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے پاکستان کے غریب عوام استفادہ کر رہے ہیں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم سے صوبوں کو بااختیار بنایا تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دگنا اضافہ ہوا انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان پاکستان پیپلز پارٹی کا نعرہ ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے لوگوں سے روٹی بھی چھین لی ہے اور چھت بھی جبکہ غریب آدمی کپڑا خریدنے کے قابل بھی نہ رہا۔