آزادکشمیر کے سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولے کا یوم حساب قریب ہے۔ عوام کیساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کرینگے
معروف سیاسی و سماجی شخصیت، امریکہ میں مقیم معروف پاکستانی بزنس مین و مرکزی چیئرمین انڈسٹریل بورڈ مسلم کانفرنس خواجہ محمد سہیل اصغر آف عباسپورنے مسلم کانفرنس سے اپنی 30 سالہ رفاقت کو چھوڑ کر قائد پاکستان عمران خان کے وژن اور قائد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، وزیر خوراک چوہدری علی شان سونی، اور مشیر حکومت چوہدری اکبرابراہیم، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار مرتضی علی احمد، سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی سابق صدر اسلام آباد چیمبر سردار یاسر الیاس بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر و موسٹ سینئر وزیر سردار تنویرالیاس خان نے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی پونچھ سردار مرتضی علی احمد کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جن کی عمریں سیاست میں نعرے لگاتے ہوئے گذر گئیں ان کو اپنی جماعت میں باعزت مقام دیں گے اور باری کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے۔ سردارتنویر الیاس خان نے خواجہ محمد سہیل اصغرکو پی ٹی آئی میں شمولیت پرمبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی صلاحیتیوں سے بھرپورفائدہ اٹھایاجائے گااورحلقہ عباسپور سمیت امریکہ میں جماعت کومزیدفعال بنانے کے لئے انہیں فعال کرداراداکرناہوگا۔
خواجہ محمد سہیل اصغر کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ بروقت اور دانشمندانہ ہے۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر و موسٹ سینئر وزیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عام انتخابات میں عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے ۔ گڈگورننس کا قیام،خطے کی تعمیر وترقی اورمسئلہ کشمیر کے حوالے سے بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو اجاگر کرنا پی ٹی آئی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ کشمیری عوام کا روشن مستقبل پی ٹی آئی سے وابستہ ہے۔ وقت ثابت کرے گا کے پی ٹی آئی سے بہتر کشمیر کے قومی تشخص کی وکالت کوئی نہیں کرسکتا۔ بلدیاتی الیکشن میں آزاد کشمیر کے عوام اپنی ووٹ کی طاقت سے پی ٹی آئی کو کامیاب کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق ،مشیر حکومت چوہدری اکبر ابراہیم اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیر سردار مرتضی علی احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں حکومتی ، سیاسی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا ۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں استحصال سے پاک معاشرے کی تشکیل ،قانون و انصاف کی حکمرانی قائم کرتے ہوئے صحیح معنوں میں گڈگورننس قائم کرے گی ۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا اور نہ ہی کسی کے ساتھ ناانصافی ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی مدبرانہ پالیسوں اور جرات مندانہ فیصلوں نے پی ٹی آئی کو کوہ ہمالیہ کی طرح بلند و مضبوط بنا دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزادکشمیر کے اندر جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا نظام بن گیا تھا۔ ہماری حکومت عوام کی خادم ہے اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ آزادخطہ میں آمدہ سالوں میں تعمیر ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی بیڈگورننس کی وجہ سے آزادخطہ میں ہر شعبہ تنزلی کا شکار اور ریاستی ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ہم کرپشن ، اقربا پروری، غنڈہ گردی ، لوٹ مار اور تھانہ کچہری کی گندی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردینگے۔