سائبر کرائم سے نمٹنے کیلئے پولیس کو جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہو گا: فہیم ربانی

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ پولیس کا بہترین نظام ریاست میں امن و امان کا ضامن ہے۔

آزادکشمیر پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے سرگرم رہتی ہے۔ پولیس اور شہریوں کے درمیان قریبی تعلق قائم رہنا چاہیے اس طرح جرائم کی بیخ کنی میں مدد ملے گی۔ آئی جی کی سربراہی میں پولیس کا محکمہ بہتری کی جانب گامزن ہے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک سے بات چیت کرتے ہوے کیا۔

اس سے پہلے جب وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور انسپکٹر جنرل پولیس کے آفس پہنچے تو آئی جی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی نے جرم کی نوعیت بھی تبدیل کر دی ہے اب پولیس کے افسران و اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس ہو کر ہی جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے بھی جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف امن و مان برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے وہیں دوسری جانب جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کی ذمہ داری بھی پولیس پر عائد ہوتی ہے جس کے لئے منظم انداز میں چوکس رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پولیس کے افسران و اہلکاراان پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں آئی جی کی سربراہی میں محکمہ احسن انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس نے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی کو محکمانہ امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں