وادی نیلم کی سڑکیں سردیوں میں بحال رکھنے کیلیے مشینیں دینگے

سیکرٹری مواصلات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر بشیر مغل نے ”ہفتہ ایل او سی“کے تناظر میں کیل کے مقام پر لگنے والی کھلی کچہر ی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وادی نیلم کی سڑکیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے کردی ہیں۔ شونٹھر ٹنل وشاہراہ سمیت جل کھڈ بائی پاس کے منصوبے نیلم کی محرومیوں کاازالہ ہیں۔ وادی نیلم کی سڑکیں سردیوں میں مکمل بحال رکھنے کیلئے 4 ڈوزر مشینیں ماہ دسمبر میں نیلم بھیج دینگے۔ لائن آف کنٹرول کے مکینوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے۔ ڈھکی چکناڑ کے متاثرین کی آبادکاری کیلئے ترجیح بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔

محکمہ برقیات، صحت، تعلیم،شاہرات کے بارے شکایات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کردیں ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد شوکت خان یوسفزئی نے جمگر لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے مسائل اور کیل کھلی کچہری میں عوامی مسائل تفصیل سے بتائے۔ کھلی کچہری میں سید اختر، سردار مقصود مغل ایڈووکیٹ، سردار عبدالرشید،غلام حسن ڈار،ممتاز حسین پائر،چودھری خان ولی،رفیق سواتی سمیت دیگر شہریوں نے محکمہ شاہرات، محکمہ برقیات، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت کے مسائل کے حل کیلئے سیکرٹری مواصلات کوآگاہ کیا۔ جس پر سیکرٹری مواصلات نے مختلف محکمہ جات کے سربراہان کو موقع پر ہدایات دیں اور مرکز کے معاملات یکسو کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے شہریوں کو بتایاسیاحت کے فروغ اور جنگلات کے بچاؤ سمیت شاہرات کی بہترین اور معیاری تعمیر اوراداروں میں سٹاف کی کمی کوہرممکن پوراکرنے کیلئے کلیدی کردار اداکرینگے۔

شونٹھر ٹنل سمیت شاہراہ گریس، شاہراہ ٹنل شاہراہ جل کھڈکی تعمیر سے نیلم کاخطہ کی محرومیوں کایقینی ازالہ ممکن ہوجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت آزادکشمیر کے نمائندہ خصوصی ہونے کی حیثیت سے عوامی مسائل کی مختلف محکمہ جات کے سربراہان کوسفارشات ارسال کرکے مسائل یکسو کرینگے۔کھلی کچہری کی میزبانی اسسٹنٹ کمشنر شاردہ راجہ محمد عظیم خان کررہے تھے۔ اس موقع پر ایس پی ساجد عمران، ڈی ایس پی شاردہ فیصل شفیق،تحصیلدار چودھری قمرعزیز، ایس ایچ او چودھری اورنگزیب، ڈی ایف او مقرب خان، ایکسین برقیات محسن میر سمیت مختلف محکمہ جات کے نمائندگان موجود تھے۔

متاثرین ایل اوسی ڈھکی چکناڑ کی مستقل آبادکار ی کیلئے اراضی کی فراہمی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر شاردہ راجہ محمد عظیم خان کوٹارگٹ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت آزادکشمیر کے فیصلہ ایل او سی کے تناظر میں سیکرٹری مواصلاحات بشیر مغل ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ گریس ویلی لائن آف کنٹرول کے متاثرین مقیم جمگرکیمپ کے پاس پہنچ گئے ان کے مسائل سنے اور متعدد مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو موقع پر ہدایات جاری کردیں۔متاثرین جمگر نے انتظامیہ نیلم اور سیکرٹری حکومت کاشکریہ اداکیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں