حکومت

حکومت عام انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی

صدر پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر اور موسٹ سینئر وزیر حکومت سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔

سیاسی جماعتوں میں شخصیات نظریات سے بالاتر نہیں ہوتیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں 80لاکھ سے زائد نہتے کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں۔ آزاد کشمیر بڑی قربانیاں دیکر آزاد کروا گیا جس کی تعمیر و ترقی عمران خان کے ویژن کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی راجہ شفاعت خان اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

راجہ شفاعت خان نے چیئرمین باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانے پر سردار تنویر الیاس کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئر مین بی ڈی اے کا کہنا تھا کہ وہ موسٹ سینئر وزیر کی رہنمائی میں باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو پورے آزاد کشمیر کی ماڈل اتھارٹی بنائیں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے مقبوضہ کشمیر میں دو مزید نہتے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مظالم کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کم نہیں کرسکتے۔

کشمیری رہنمائوں کی نظر بندی غیر جمہوری عمل ہے۔ مودی سرکار نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔ 8لاکھ افواج نے 80لاکھ کشمیریوں کو یر غمال بنایا ہوا ہے۔ عالمی برادری کواپنے دُہرے معیار کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بھارت کو ایک فاشسٹ ریاست میں تبدیل کردیا ہے۔

جہاں مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقلیتوں پر بھی عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ اقلیتوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ نریندر مودی کی حکومت کے دور میں انتہا پسند ہندوئوں کو شہ ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی منشور پر عملدرآمد جاری ہے۔ آزاد کشمیر کو تعمیر وترقی کا گہوارہ بنائیں گے۔

انہوں نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ صحافی معاشرے کا آنکھ کان ہوتے ہیں وہ عوام کو درپیش مسائل اجاگرکریں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر بلدیاتی انتخابات کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جو پی ٹی آئی آزادکشمیر کے انتخابی منشور کا بھی حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں