بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں شہدائے گائوکدل کی 32ویں برسی کے موقع پر سرینگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے دی ہے جبکہ جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوں اورکارکنوںنے اس کی حمایت کی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے 21جنوری 1990کو سرینگر کے علاقے گائوکدل میںپر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 50سے زائد افراد کو شہیداورسینکڑوں کو زخمی کر دیاتھا۔
مقبوضہ علاقے میں مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے کئے گئے کشمیر مخالف اقدامات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے آج نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعائیہ اجتماعات اور پر امن مظاہرے کئے جائیں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگررہنمائوں مولوی بشیر احمد عرفانی ، فریدہ بہن جی ، یاسمین راجہ اور عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ گائوکدل اور اس طرح کے دیگر سانحات نے نا م نہاد بھارتی جمہوریت کی قلعی کھول دی ہے ۔
انہوں نے عالمی برداری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مظالم پربھارت کو جواب دہ ٹھہرائے۔